بیچلر آف فارمیسی (انگریزی: Bachelor of Pharmacy) ، جسے زیادہ تر مخفف شکل میں بی فارم یا بی فارمیسی لکھا جاتا ہے، ایک پیشہ ورانہ ڈگری ہے۔ فارمیسی دوا سازی اور ادویہ شناسی کی ایک خصوصی شاخ ہے۔ یہ طب سے متعلق ضرور ہے، مگر مختلف نوعیت کی ہے۔ اس کی وجہ اولًا دوا سازی یا دواؤں کے بنانے پر ہے۔ دوا سازی کا ہر عمل، خصوصًا جدید دوا سازی کا عمل، کیمیاوی مرکبات پر مشتمل ہے۔ ایک ہی نام یا فارمولے کی دوا اثر انگیزی کی صلاحیت مختلف ہوتی ہے۔ اسی لیے ڈاکٹر مریض کی ظاہری کیفیت اور مرض کی نوعیت کی مطابقت سے دوا کے زور کو تجویز کرتا ہے، مثلًا یہ کہ گولی 100 ملی گرام کی ہونی چاہیے یا 200 ملی گرام کی۔ جب کہ دوا ساز ان دواؤں کو بنانے، ان کی بازار کاری کرنے اور انھیں دواؤں کی دکان پر بیچنے پر زور دیتے ہیں۔ یہی دوا ساز تجربہ گاہوں میں امراض کی مناسبت سے دواؤں کی موزونیت پر تجربے بھی کرتے ہیں۔ دنیا کے بیشتر ممالک میں بی فارمیسی کی ڈگری کے حاملین کو دواؤں کی دکان کھولنے اور اسے چلانے کی اجازت ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ یہ لوگ جانتے ہیں کون سی ایک دوا دو کمپنی کے الگ الگ برانڈوں کی مناسبت سے الگ ناموں سے بازار میں موجود ہے۔ وہ لوگ غیر نسخہ یاب دواؤں، ابتدائی طبی امداد سے متعلق مصنوعات میں رہنمائی، دواؤں کی افادیت کا خلاصہ، وغیرہ بھی کر سکتے ہیں۔ بھارت جیسے ملک میں بی فارمیسی اور ایم فارمیسی کے حاملین ہی کو نہیں، بلکہ اس کے ڈپلوما گیرندے، ڈی فارمیسی والوں کو دواؤں کی دکان چلانے کا لائسنس دیا جاتا ہے۔
بی فارمیسی کی ڈگری بر صغیر کے ممالک جیسے کہ بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال وغیرہ میں اسکول کی بارہویں یا انٹرمیڈیٹ کی تعلیم بعد بڑھی جاتی ہے۔ [1] اس ڈگری کے لیے اکثر مسابقتی امتحانات بھی رکھے جاتے ہیں۔