سجی

چکن سجی

سجی ایک پکوان ہے جو زیادہ تر بلوچستان میں پکایا جاتا ہے۔ اس کا رواج روایتی طور پر بلوچستان میں ہوتا ہے۔ سجی بلوچ ثقافت کا ایک اہم پکوان ہے۔ سجّی بھیڑ یا بکری کے گوشت سے تیار کی جاتی ہے اور اس کے لیے فربہ جانوروں کا انتخاب کیا جاتا ہے کیونکہ کہا جاتا ہے کہ جانور جتنا فربہ ہوتا ہے اس کی سجی بھی اتنی لذیز ہوتی ہے۔

اس ڈش کی تیاری کے لیے ران، دستی اور پٹھ (کمر کے پچھلے حصے) کا گوشت استعمال کیا جاتا ہے اور گوشت کو نمک لگانے کے بعد لکڑی یا لوہے کی سلاخ میں پرو کر آگ کے قریب رکھ دیا جاتا ہے۔

سجّی کھلی جگہ کے علاوہ تندور کے اندر بھی تیار کی جاتی ہے جہاں انگارے سلگا کر لکڑی یا لوہے کی سلاخ میں پِروئے گئے گوشت کو تندور کے اندر رکھ کر تندور کا منہ اچھی طرح بند کر دیا جاتا ہے ۔

اس کی تیاری میں ڈھائی سے تین گھنٹے لگتے ہیں اور اس دوران آگ کی تپش سے گوشت سے اٹھنے والی خوشبو کھانے والوں کی بھوک دوچند کر دیتی ہے۔ تیاری کے بعد اسے پسند کے مطابق امچور یا کالی مرچ لگا کر کھایا جاتا ہے۔