فرنٹ رننگ (Front running) سے مراد وہ کارستانی ہے جو شیئر (اسٹاک) اور دیگر کاغذی اثاثوں (securities) کی قیمت متاثر کر کے منافع کمانے کے لیے کی جاتی ہے۔ یہ قانوناً ممنوع ہے۔
اگر کسی اسٹاک بروکر کو کوئی بڑا آرڈر وصول ہو جائے تو وہ فرنٹ رننگ کے ذریعے ذاتی منافع کما سکتا ہے۔ اگر کسی اسٹاک بروکر کو چار کروڑ ڈالر سے چار لاکھ شیئر (فی شیئر 100 ڈالر) خریدنے کا آرڈر مل جائے تو وہ یہ کر سکتا ہے کہ پہلے اپنے لیے 20 ہزار شیئر خرید لے پھر گاہک کی جانب سے چار لاکھ شیئر خریدے۔ جب چار لاکھ بیس ہزار شیئر بکیں گے تو شیئر کی قیمت یقیناً بڑھ جائے گی۔ اگر یہ قیمت 100 ڈالر فی شیئر سے بڑھ کر 102 ڈالر ہو جاتی ہے تو وہ اپنے بیس ہزار شیئر فوراً ذرا کم قیمت پر بیچ کر 35000 ڈالر کا منافع چند لمحوں میں بنا لیتا ہے۔
قانون کی نظروں سے بچنے کے لیے عام طور پر بروکر کی ذاتی خریداری کو کئی ٹکڑوں میں بانٹ دیا جاتا ہے جسے layering کہتے ہیں۔ کمپیوٹر اور نیٹ ورکنگ کی وجہ سے یہ کام اور بھی آسان ہو گیا ہے۔[1]