| ||||
---|---|---|---|---|
معلومات شخصیت | ||||
تاریخ پیدائش | سنہ 750ء | |||
تاریخ وفات | سنہ 780ء (29–30 سال) | |||
دیگر معلومات | ||||
پیشہ | بادشاہ | |||
درستی - ترمیم ![]() |
ناگ بھٹ اول (730 – 760ء) شمالی ہندوستان میں شاہی گجر-پرتیہار خاندان کا بانی تھا۔ اس نے اپنے دار السلطنت اُجین سے موجودہ مدھیہ پردیش کے علاقے اونتی (مالوہ) پر حکومت کی۔ اس نے گجر دیش پر اپنا تسلط بڑھایا، جس میں موجودہ گجرات اور راجستھان کے کچھ حصے شامل ہیں۔ اس نے سندھ عربوں کے حملے کو پسپا کیا، جس کی قیادت غالباً جنید بن عبد الرحمن المری یا الحکم ابن عوانہ کر رہے تھے۔
ناگ بھٹ کو اس کی اولاد میں سے مہیر بھوج کے گوالیار نوشتہ میں گجر پرتیہار خاندان کے بانی کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔[1] ناگ بھٹ کے تخت نشین ہونے کی صحیح تاریخ معلوم نہیں ہے۔[2] اس کے پوتے وتس راج نے اونتی پر 783-784 عیسوی میں حکومت کی۔ ہر راجا کے لیے 25 سال کی مدت کو فرض کرتے ہوئے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ناگ بھٹ 730 عیسوی کے آس پاس تخت نشین ہوا ہوگا۔[3]
گوالیار کا نوشتہ کے مطابق اس خاندان کی ابتدا افسانوی ہیرو لکشمن سے ہوئی۔[4] دو نوشتہ جات اور ہیون سانگ کی گواہی جب ایک ساتھ پڑھی جائے تو اس بات کا حتمی ثبوت ملتا ہے کہ اس خاندان کے چودہ بادشاہوں کو کھشتری سمجھا جاتا تھا، جن کا تعلق گرجر (گجر) قبیلہ کے پرتیہار نسب سے تھا۔ دو نوشتہ جات میں سے ایک پتھر کی سلیب پر کھُدا ہوا ہے جو الور ریاست راجپوتانہ میں راجور یا راجور گڑھ کے جنوب میں ایک قدیم قصبہ پارا نگر کے کھنڈر میں ملا۔ اس دستاویز میں ایک گاؤں کی گرانٹ کو ریکارڈ کیا گیا ہے جس میں سارے کاشتکار گرجر تھے جو مقامی سردار متھن دیو کے ماتحت تھے، جو بھیلمال-قنوج خاندان کے بارہویں بادشاہ وجے پال دیو کا جاگیردار تھا اور اسے واضح طور پر بیان کیا گیا ہے کہ "نسل کے لحاظ سے ایک گُرجر-پرتیہار"، یعنی گجر قبیلے کے پریہار نسب کا ایک رکن (شری متھنا دیوو مہاراجادھیراجا گُرجراپرتیہارن ویہا)۔ اس سے پرہاروں کی گجر اصل ثابت ہوتی ہے۔[5][6] ناگ بھٹ نے اونتی کے علاقے میں اجین سے حکومت کی۔ جین کتاب ہری ومش (783-784 عیسوی) بیان کرتی ہے کہ اس کا پوتا وتس راج بادشاہ اور "پسرِ خاکِ اونتی" (اونتی بُھوبرِتی) تھا۔ ہمسایہ سلطنتوں کا ریکارڈ بھی بلا شک و شبہ اس کا تعلق اجین سے ہی بتاتا ہے۔[7] راشٹر کوٹ خاندان کے حکمران اموگھ ورش کا 871 عیسوی کا سنجن میں ملنے والا تانبے کی تختی کا نوشتہ بھی اجین کے ساتھ گجر-پرتیہاروں کے تعلق کو بیان کرتا ہے۔[8] اس کی بنیاد پر، آر سی موجمدار اور بیج ناتھ پوری سمیت متعدد مورخین کا خیال ہے کہ اونتی کی راجدھانی اُجین ناگ بھٹ کے خاندان کا اصل وطن تھا۔
ناگ بھٹ کی اولاد میں سے مہیر بھوج کے گوالیار کے نوشتہ کے مطابق، ناگ بھٹ نے ملیچھوں کے حملے کو پسپا کیا۔ ان ملیچھوں کی شناخت اموی حملہ آوروں کے طور پر کی جاتی ہے۔ 9ویں صدی کے مسلم مورخ البلاذری نے اُزین (اجین) پر عرب حملوں کا حوالہ دیا ہے؛ اس سے ناگ بھٹ کے ساتھ امویوں کے تنازع کا حوالہ ملتا ہے۔[9] اس حملے کی قیادت جنید ابن عبد الرحمن المری یا الحکم ابن عوانہ نے کی تھی، جو اموی خلیفہ ہشام بن عبدالملک کے ماتحت سندھ کے سپہ سالار اور گورنر تھے۔[10][11] البلاذری نے ان حملہ آوروں کی طرف سے کئی دیگر مقامات کی فتوحات کا ذکر کیا ہے، لیکن اُجّین کے بارے میں وہ صرف اس بات کا ذکر کرتے ہیں کہ اس شہر پر حملہ کیا گیا تھا۔ اس سے یہ معلوم پڑتا ہے کہ یہاں امویوں کو کھلی شکست ہوئی تھی۔[12]
ناگ بھٹ کو راشٹرکوٹوں کے حکمران دنتی دُرگا نے شکست دی تھی۔ راشٹرکوٹ کے ریکارڈ کے مطابق، مالوہ کا حکمران ان بادشاہوں میں شامل تھا جنہیں دنتی درگا نے شکست دی۔ دانتی درگا کی اولاد اموگھ ورش کے سنجن نوشتہ میں بتایا گیا ہے کہ دانتی درگا نے اجیینی (اجین، ناگ بھٹ کی راجدھانی) میں ایک مذہبی تقریب منعقد کی تھی۔ اس تقریب کے دوران، گُرجر سردار (گرجریش) نے دانتی درگا کے پرتیہار کے طور پر کام کیا۔[13][14] لفظ پرتیہار کا استعمال ایک لفظی کھیل لگتا ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ راشٹرکوٹ بادشاہ نے گجر-پرتیہار بادشاہ کو شکست دی جو اس وقت اونتی پر حکومت کر رہا تھا۔[15]
756 عیسوی کے ہنسوٹ میں ایک چاہمن حکمران بھرترودھ کا نوشتہ میں اِس کے بادشاہ ناگ ولوک کے دور کے ایک گاؤں کا ریکارڈ موجود ہے۔ ڈی آر بھنڈارکر اور دوسرے مورخین نے ناگ ولوک کی شناخت ناگ بھٹ اول سے کی ہے۔ اگر یہ مفروضہ درست ہے، تو یہ ممکن ہے کہ راشٹرکوٹوں کے جانے کے بعد، ناگ بھٹ نے اپنی طاقت دوبارہ حاصل کی اور بھروچ کے آس پاس کے علاقے کو فتح کر لیا، جہاں ایک چاہمن شاخ اس کے زیر تسلط حکومت کرتی تھی۔ مورخ بی این پوری کے مطابق، ناگ بھٹ نے اس علاقے کو چالوکیہ جاگیردار اونِجناشرے پُلکشین سے فتح کیا۔[16][17] اس طرح، مالوا کے علاوہ، ناگ بھٹ کی سلطنت موجودہ گجرات اور راجستھان کے کچھ اور حصوں پر مشتمل تھی۔
756 عیسوی کے ہنسوٹ نوشتہ میں مذکور ناگ بھٹ کے ساتھ ناگ ولوک کی شناخت کی بنیاد پر، ایسا لگتا ہے کہ ناگ بھٹ نے تقریباً 760 عیسوی تک حکومت کی۔[18] گوالیار کے نوشتہ سے پتہ چلتا ہے کہ اس کے بعد ککوستھ اور دیوراج تخت نشین ہوئے، جو اس کے بھائی کے بیٹے تھے، جس کا نام نامعلوم ہے۔[19]